باوجود یہ کہ تمہارے قواے
نطقیہ یکساں ہیں،نا منہ، اور زبان کی ساخت میں کوئی فرق ہے اور وہ دماغ کی
ساخت میں ، مگر زمین کے مختلف خطوں میں تمہاری زبانیں مختلف ہیں،پھر ایک ہی زبان
بولنے والے علاقوں میں شہر شہر اور بستی بستی کی بولیاں مختلف ہیں،اور مزید یہ کہ
ہر شخص کا لہجہ اور تلفظ اور طرز گفتگو دوسروں سے مختلف ہے ،اسی طرح تمہارا مادہ
تخلیق اور تمہاری بناوٹ کا فارمولا ایک ہی ہے ،مگر تمہارے رنگ اس قدر مختلف ہیں کہ
قوم اور قوم تو درکنار، ایک ماں باپ کے دو بیٹوں کا رنگ بھی بالکل یکساں نہیں
ہے۔یہاں نمونے کے طور پر صرف دو ہی چیزوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے ۔لیکن اسی رخ
پر آگے بڑھ کر دیکھیے تو دنیا میں آپ ہر طرف اتنا تنوع (ورائٹی) پائیں گے کہ اس کا
احاطہ مشکل ہو جائے گا ۔انسان، حیوان، نباتات اور دوسری تمام اشیاء کی جس نوع کو
بھی آپ لے لیں اس کے افراد میں بنیادی یکسانی کے باوجود بے شمار اختلافات موجود
ہیں۔ حتی کہ کسی نوع کا بھی کوئی ایک فرد دوسرے سے بالکل مشابہ نہیں ہے،حتیٰ کہ
ایک درخت کے دو پتوں میں بھی پوری مشابہت نہیں پائی جاتی ۔یہ چیز صاف بتا رہی ہے
کہ یہ دنیا کوئی ایسا کارخانہ نہیں ہے جس میں خود کار مشین چل رہی ہو اور کثیر
پیدا اوری (ماس پروڈکشن) کے طریقے پر ہر قسم کی اشیاء کا بس ایک ایک ٹھپہ ہو جس سے
ڈھل ڈھل کر ایک ہی طرح کی چیزیں نکلتی چلی آ رہی ہو ں۔بلکہ یہاں ایک ایسا زبردست
کاریگر کام کر رہا ہے جو ہر ہر چیز کو پوری انفرادی توجہ کے ساتھ ایک نئے ڈیزائن
،نئے نقش و نگار ،نئے تناسب اور نئے اوصاف کے ساتھ بناتا ہے اور اس کی بنائی ہوئی
ہر چیز اپنی جگہ منفرد ہے ۔اس کی اس کی قوت ایجاد ہر آن ہر چیز کا ایک نیا ماڈل
نکال رہی ہے، اور اس کی صناعی ایک ڈیزائن کو دوسری مرتبہ دوہرانہ اپنے کمال کی
توہین سمجھتی ہے ۔اس حیرت انگیز منظر کو جو شخص بھی آنکھیں کھول کر دیکھے گا وہ
کبھی اس احمقانہ تصور میں مبتلا نہیں ہوسکتا کہ اس کائنات کا بنانے والا ایک دفعہ
اس کارخانے کو چلا کر کہیں جا سویا ہے۔ یہ تو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ وہ ہر وقت
کار تخلیق میں لگا ہوا ہے اور اپنی خلق کی ایک ایک چیز پر انفرادی توجہ صرف کر رہا
ہے ۔
kayenat ki industry
0
March 28, 2022
03-747-30-32

